پراسیکوشن کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کا فیصلہ
سرکاری محکموں کے مقدمات میں کمزور فالو اپ کی صورت میں متعلقہ افسران کو طلب کیا جائے گا،کمشنر عامر کریم ،گورنمنٹ اورپرائیویٹ مقدمات کا الگ الگ ڈیٹا پیش کرنے کی ہدایتسرکاری محکموں کی مدعیت میں مقدمات ،ماہانہ بنیادوں پر درج ہونے والی ایف آئی آرز، موصول ہونیوالے چالانزکا ضلعی سطح پر کا تفصیلی جائزہ لیا جائے ،جائزہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
ملتان(وقائع نگار خصوصی) کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل پرفارمنس ریویو کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی کارکردگی، زیر التوا مقدمات اور چالانز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پراسیکیوشن کی کارکردگی کو باقاعدہ اور سٹرکچرڈ انداز میں مانیٹر کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ان تمام مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے جن میں سرکاری محکمے مدعی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر درج ہونے والی ایف آئی آرز، موصول ہونے والے چالانز، عدالتوں میں جمع کرائے گئے پارشل و مکمل چالانز اور زیر التوا چالانز کا ضلع وار جائزہ لیا جائے جبکہ ٹرائل شروع ہونے والے مقدمات اور فیصلوں کی تعداد بھی باقاعدگی سے رپورٹ کی جائے ۔اجلاس میں کمشنر نے گورنمنٹ اور پرائیویٹ نوعیت کے مقدمات کا الگ الگ ڈیٹا پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کے مقدمات میں کمزور فالو اپ کی صورت میں متعلقہ افسران کو طلب کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران زیر التوا چالانز، انٹرِم چالان اور ٹرائل پراسیس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ 2024 تک کے تمام زیر التوا چالان عدالتوں میں بھجوانے سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپریل 2026 کے دوران ضلع ملتان میں 1026 FIRs درج ہوئیں جبکہ 571 چالان پراسیکیوشن کو موصول ہوئے ۔ اسی عرصے میں 361 مقدمات کے فیصلے ہوئے جن میں متعدد کیسز میں سزائیں اور جرمانے عائد کیے گئے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے دستیاب وسائل کے مطابق لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔