عیدالاضحی کی آمد آمد، دریاؤں، نہروں میں نہانے پر پابندی
تیراکی، ٹیوب سوئمنگ، ڈائیونگ اور کپڑے دھونے پر دفعہ 144 نافذ کر دی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر ضلع بھر میں دریاؤں، نہروں اور ڈسٹری بیوٹریز میں نہانے ، تیراکی، ٹیوب سوئمنگ، ڈائیونگ اور کپڑے دھونے پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے ۔جاری حکم نامے کے مطابق یہ پابندی ضلع سرگودھا کی حدود میں دریائے جہلم، دریائے چناب اور تمام نہروں و ڈسٹری بیوٹریز پر فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور یہ حکم 30 روز تک موثر رہے گا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ اور گرمیوں کے موسم میں نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نہروں اور دریاؤں میں نہانے اور تیراکی کا رخ کرتی ہے ، جس کے باعث ہر سال افسوسناک ڈوبنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔
پانی کے تیز بہاؤ، گہرائی اور خطرناک بھنور عوامی جانوں کیلئے شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے یہ اقدام ناگزیر تھا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں اور دریاؤں کے قریب جانے سے روکیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے ۔