شہر اولیا ء کی بیوٹیفکیشن،تمام ترقیاتی منصوبے رواں سال مکمل کرنے کا حکم

شہر اولیا ء کی بیوٹیفکیشن،تمام ترقیاتی منصوبے رواں سال مکمل کرنے کا حکم

انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ، ڈپٹی کمشنرنعمان صدیق کابرانڈ روڈ اور حسین آگاہی روڈ پر ترقیاتی سکیموں کا دورہ ،تعمیراتی کاموں اور معیار کا جائزہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)شہر اولیاء میں بیوٹیفکیشن اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے رواں مالی سال کے دوران تمام ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ڈی جی ایم ڈی اے اور ڈپٹی ڈائریکر ڈویلپمنٹ سمیت دیگر ضلعی حکام کے ہمراہ برانڈ روڈ اور حسین آگاہی روڈ کے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں سے بریفنگ بھی حاصل کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ برانڈ روڈ اور حسین آگاہی روڈ کی اپ گریڈیشن سے ٹریفک روانی بہتر ہوگی جبکہ شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی بھی ممکن بنائی جاسکے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران تاجروں اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اور تعمیراتی سرگرمیاں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔دریں اثنائجعلی، غیر معیاری اور نشہ آور ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں جعلی ادویات کے متعدد کیسز زیر سماعت آئے ۔ اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کے تحت جعلی، غیر معیاری اور نشہ آور ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مختلف میڈیکل سٹورز اور ادویات ساز کمپنیوں کے خلاف کیسز کی سماعت کی گئی۔ 

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے 10 سے زائد کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ نشہ آور ممنوعہ ادویات اور انجکشن کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ کے تحت کولڈ سٹوریج اور سپلائی چین کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں