عید کے دوران صفائی میں غفلت برداشت نہیں ہوگی ،ڈپٹی کمشنر
مساجد میں اعلانات، سوشل میڈیا، نیوز چینلز کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے گی
میانوالی (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کی زیر صدارت عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد کھوکھر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ، اے سی پپلاں ظفر اقبال، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنیئر نوید اقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر مطیع السلام، اپریشنل منیجر پنجاب کیٹل مارکیٹ کمپنی، ڈی ڈی لوکل گورنمنٹ حبیب اللہ خان، ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب سید غلام مرتضیٰ، ایس ڈی او پیر جمشید گلزار، ڈی ڈی ایل جی حبیب اللہ خان کے علاؤہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے دیگر انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی کا کہنا تھا کہ شہریوں میں صفائی کا شعور بیدار کرنے کے لیے مساجد میں اعلانات، سوشل میڈیا، نیوز چینلز اور مقامی کمیونٹی گروپس کے ذریعے بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے سختی سے ہدایت کی کہ عید کے دوران صفائی کے نظام میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ جانوروں کی آلائشیں ستھرا پنجاب کے ورکرز کو دیں اور گلی محلوں یا کھلے میدانوں میں پھینکنے سے گریزکریں۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی ماجد بن احمدنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرنے اور انہیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے کلیکشن پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں۔