محکمہ پراسیکیوشن کا انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ، سلمان غنی
زیرالتواء ترقیوں کے کیسز کو جلد نمٹایا جائے گا ،مسائل کا بھی ازالہ کریں گے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن پنجاب سلمان غنی نے کہا ہے کہ محکمہ پراسیکیوشن کا انصاف کی فراہمی کے نظام میں کلیدی کردار ہے لہذا پراسیکیوشن افسران اپنی ذمہ داریاں انتہائی دیانتداری،پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ کے مطابق ادا کریں تاکہ مقدمات کی بروقت تکمیل یقینی اور شریوں کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو۔انہوں نے یہ بات محکمہ پراسیکیوشن سرگودھا کے دورہ کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن نے ضلع بھر میں زیر التواء مقدمات، پراسیکیوشن کے نظام، عدالتی پیروی اور دفتری امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے افسران و اہلکاروں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور کہا کہ زیرالتواء ترقیوں کے کیسز کو جلد نمٹایا جائے گا جبکہ درپیش مسائل کا بھی ازالہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق محکمہ پراسیکیوشن میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے ۔اس ضمن میں اضلاع کے دوروں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ موثر پراسیکیوشن نہ صرف مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں مدد دیتی ہے بلکہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور عوام کے اعتماد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ڈویژنل و ضلعی اور پولیس افسران سے کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنائیں۔