آلائشیں ، خون اور قربانی کا فضلہ سیوریج لائنوں ، نالوں میں پھینکنے پر پابندی
جانوروں کے سری پائے سڑکوں، گلیوں پر بھوننے پر پابندی ،عمل سے نہ صرف تعفن اور ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی ہے بلکہ عوامی پریشانی اور امن عامہ میں خلل کا بھی خدشہ رہتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کی صحت، صفائی اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قربانی کے جانوروں کے سری پائے ، کھالیں و دیگر باقیات کو سڑکوں، گلیوں، بازاروں، کھلے مقامات یا کسی بھی غیر مجاز جگہ پر جلانے ، بھوننے یا روسٹ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس عمل سے نہ صرف تعفن اور ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی ہے بلکہ عوامی پریشانی اور امن عامہ میں خلل کا بھی خدشہ رہتا ہے۔
اسی طرح آلائشیں، خون اور دیگر قربانی کا فضلہ سیوریج لائنوں، نالوں، گلیوں، کھلے پلاٹس، نہروں اور دریاؤں میں پھینکنے پر بھی پابندی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قربانی کے فضلہ کو مناسب انداز میں تلف کرنے کیلئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں گے جبکہ شہری بھی صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ پابندی 27 مئی 2026 سے 2 جون 2026 تک ضلع بھر میں نافذ العمل رہے گی۔