ناردرن بائی پاس پرمویشی منڈی میں عوام کا سمندر امڈآیا
ڈھائی لاکھ جانور آچکے ، روزانہ ہزاروں کے سودے ، ریکارڈ خریداری، ایڈمنسٹریٹر
کراچی (این این آئی)عید الاضحی قریب آتے ہی ناردرن بائی پاس پرلگنے والی مویشی منڈی میں خریداروں کا سمندر امڈ آیا، دن ہو یا رات منڈی کے کسی بلاک میں تل دھرنے کی جگہ نہیں، ملک کے مختلف اضلاع سے قربانی کے خوبصورت اور بھاری بھرکم جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے اب تک منڈی میں پہنچنے والے جانوروں کی مجموعی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرچکی،ایڈمنسٹریٹر منڈی طارق تنولی کا کہنا ہے کہ شہری مناسب قیمتوں پر اپنے من پسند جانور خرید رہے ہیں۔ جبکہ بڑے پیمانے پر ہونے والی اس فروخت سے بیوپاریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے ہیں،خصوصاً جنرل اور پنجاب بلاک میں سستا جانور ہونے سے اس بار ریکارڈ توڑ خریداری دیکھی جا رہی ہے ، جنرل اور پنجاب بلاک میں متوسط طبقے کے لیے ایک لاکھ، ڈیڑھ لاکھ سے لے کر دو اور تین لاکھ روپے تک کا بہترین جانورقربانی کے لیے موجود ہے ،میڈیا سیل کے انچارج ذکی ابڑو کا نے کہا کہ اب تک منڈی میں 70 سے 80 ہزار جانور فروخت ہو چکے ہیں اور ہرگزرتے دن کے ساتھ اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ صرف گزشتہ تین روز کے دوران کراچی والوں نے 25 ہزار سے زائد قربانی کے ریکارڈ جانورخریدے ہیں،طارق تنولی کا کہنا تھا کہ بیوپاریوں کو پہلے دن سے 24 گھنٹے پانی کی سپلائی، بہترین لائٹس اور فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے ۔