اربن فاریسٹ منصوبہ، ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر

 اربن فاریسٹ منصوبہ، ایک لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر

شجرکاری سے درجہ حرارت میں کمی اور آکسیجن لیول بہتر ہوگا،میئرمرتضی وہاب

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کو سرسبز، ماحول دوست اور آلودگی سے پاک شہر بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں، اربن فاریسٹ منصوبہ شہر میں ماحولیاتی بہتری، فضائی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، منصوبے کے تحت ای بی ایم کازوے شاہراہِ بھٹو پر اب تک تقریباً 10 ہزار درخت لگائے جاچکے ہیں مجموعی طور پر ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،شجرکاری مہم کے تحت نیم، گلمہر، بارشی اور دیگر مقامی اقسام کے درخت لگائے جارہے ہیں جو کراچی کے موسم اور ماحول کیلئے موزوں ہیں، یہ منصوبہ نہ صرف شہر کے درجہ حرارت اور آلودگی میں کمی لانے میں مدد دے گا بلکہ آکسیجن لیول بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا،اربن فاریسٹ منصوبے سے پرندوں اور جنگلی حیات کو قدرتی ماحول میسر آئے گا جبکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوای بی ایم کازوے شاہراہ بھٹو پر اربن فاریسٹ منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ میئرنے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اس وقت پاکستان کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے جبکہ کراچی میں بڑھتی ہوئی گرمی گلوبل وارمنگ کے ممکنہ اثرات کی واضح نشاندہی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار قیادت ہمیشہ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرتی ہے اور شہری ماحول کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں