ذخیرہ اندوزوں، گراں فروشوں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف جرمانوں کی تفصیلات پیش
میانوالی (نامہ نگا)ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی کی زیرِ صدارت پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس ڈی او پیرا ملک جمشید گلزار، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول رضوان گورائیہ سمیت پیرا فورس کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایس ڈی او پیرا ملک جمشید گلزار نے ڈپٹی کمشنر کو پیرا فورس کی گزشتہ 5 ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران پیرا آفیسرز کے جدید لائیو مانیٹرنگ سسٹم، موبائل ایپ سسٹم، قانونی امور اور ہیومن ریسورس (ایچ آر) کے امور پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزوں، گراں فروشوں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف اب تک کی جانے والی کارروائیوں اور وصول کیے گئے جرمانوں کی مکمل تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے عین مطابق پیرا فورس کو اب جدید خطوط پر استوار کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت اور شفاف حل ممکن بنایا جا سکے ۔