گورنمنٹ کالج ٹیکنالوجی فار وومن تاجی ہینڈی کرافٹس میں معاہدہ
طالبات کو’’سیکھو اور کماؤ‘‘پروگرام کے تحت تربیت دی جائے گی، یادداشت پر دستخط
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) خواتین کی فنی تعلیم، ہنر مندی اور کاروباری ترقی کے فروغ کے لیے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن سرگودھا اور تاجی ہینڈی کرافٹس کے اشتراک سے ایک اہم اقدام اٹھایا گیا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پلیسمنٹ آفیسر سرگودھا نعمان ملک اور تاجی ہینڈی کرافٹس کی سی ای او سائرہ رحمان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔اس موقع پر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن سرگودھا کی پرنسپل عمارہ اکرم اور انسٹیٹیوٹ پلیسمنٹ آفیسر مریم فاروق بھی موجود تھیں۔اس معاہدے کے تحت گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن سرگودھا کی طالبات کو’’سیکھو اور کماؤ‘‘پروگرام کے تحت عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
جہاں بچیوں کو ہینڈی کرافٹس اور دیگر ہنر سکھا کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کی کوشش کی جائے گی۔پرنسپل عمارہ اکرم کا کہنا تھا کہ طالبات کو جدید ہنر اور عملی تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکھو اور کماؤ پروگرام طالبات کو معاشی خودمختاری کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تاجی ہینڈی کرافٹس کی سی ای او سائرہ رحمان نے کہا کہ تاجی ہینڈی کرافٹس اپنی نوعیت کی پہلی انڈسٹری ہے جو’’سیکھو اور کماؤ‘‘پروگرام کے تحت بچیوں کو عملی تربیت فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طالبات کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا ہے ۔