اے سی نمرہ اویس کی عیدالاضحیٰ پر عوامی خدمت سرگرمیاں
اے سی نمرہ اویس کی عیدالاضحیٰ پر عوامی خدمت سرگرمیاںصفائی عملے کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان میں مٹھائی تقسیم کی
بھیرہ (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نمرہ اویس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کے سلسلے میں مختلف تقریبات اور دورے کیے ۔ انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ کا دورہ کیا، جہاں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے مٹھائی تقسیم کی۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو دی جانے والی خدمات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور علاج معالجہ کے سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثناء عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کی کامیاب تکمیل پر اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس نے اپنے دفتر میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ستھرا پنجاب پروگرام تحصیل بھیرہ کے صفائی ورکرز اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صفائی ورکرز کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے ، مؤثر ٹیم ورک اور مسلسل کاوشوں کی بدولت عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے صفائی عملے کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے ۔