ایک ہی دکان پر تیسری بار چوری‘ ملزم قیمتی سامان لے اُڑے
ایک ہی دکان پر تیسری بار چوری‘ ملزم قیمتی سامان لے اُڑے ایک پیٹر انجن، سولر واٹر پمپ، بیٹری، نلکا اور دیگر قیمتی سامان چوری
بھلوال (نمائندہ دنیا )دیووال روڈ پر واقع ایک دکان میں تیسری بار چوری کی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم چور تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کرکے فرار ہو گئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس کے مطابق دیووال کے رہائشی محمد اعجاز احمد خان نے بتایا کہ انہوں نے الجلال پٹرولیم کے قریب گجرات روڈ داخلی دیووال روڈ پر دکان قائم کر رکھی ہے ۔ گزشتہ شب نامعلوم ملزمان دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور ایک پیٹر انجن، سولر واٹر پمپ، بیٹری، نلکا اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو گئے ۔مدعی کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں تقریباً 40 ہزار روپے مالیت کا پیٹر انجن، 18 ہزار روپے مالیت کا سولر واٹر پمپ اور 45 ہزار روپے مالیت کی بیٹری سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔صبح دکان پر پہنچنے پر دکان کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے اور سامان غائب تھا، جس پر فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے ۔پولیس نے محمد اعجاز احمد خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 457 اور 380 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق اسی دکان پر چوری کی یہ تیسری واردات ہے ، تاہم اب تک کسی بھی واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا، جس پر دکانداروں اور شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔