بلقیس ویلفیئر ٹرسٹ کا پھلروان میں اجتماعی قربانی کا اہتمام
بلقیس ویلفیئر ٹرسٹ کا پھلروان میں اجتماعی قربانی کا اہتمامقربانی کا گوشت منظم انداز میں گوشت مستحقین کی دہلیز تک پہنچا دیا گیا
پھلروان (نمائندہ دنیا )سمندر پار پاکستانیوں کے تعاون سے ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف سماجی تنظیم بلقیس ویلفیئر ٹرسٹ نے عیدالاضحی کے موقع پر پھلروان میں بھی اجتماعی قربانی کا وسیع پیمانے پر اہتمام کیا۔ ٹرسٹ کی جانب سے قربانی کا گوشت منظم انداز میں مستحق خاندانوں کے گھروں تک پہنچایا گیا، جس سے ان کی عزتِ نفس کا بھی بھرپور خیال رکھا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راجہ ثاقب افتخار نے کہا کہ بلقیس ویلفیئر ٹرسٹ اوورسیز پاکستانیوں اور ملک کے پسماندہ طبقات کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے تعاون سے مستحق افراد تک ان کا حق شفاف اور منظم انداز میں پہنچایا جا رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرسٹ کا مقصد صرف امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ ہر فلاحی سرگرمی میں شفافیت، انسانی وقار اور مستحقین کی عزتِ نفس کو مقدم رکھنا ہے ۔ ان کے مطابق ادارے کا دائرہ کار مسلسل وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے ضرورت مند افراد بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔دوسری جانب پھلروان کی سول سوسائٹی اور عمائدینِ علاقہ نے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے ٹرسٹ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے راجہ ثاقب افتخار، حمزہ احتشام اور تمام اوورسیز معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مخلص قیادت اور مؤثر ٹیم ورک کے باعث امدادی سرگرمیوں کا دائرہ دور افتادہ علاقوں تک پھیل چکا ہے ۔اہلِ علاقہ نے بلقیس ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔