جانوروں کی بیماریاں، انویسٹی گیشن سیل منصوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار

جانوروں کی بیماریاں، انویسٹی گیشن سیل منصوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار

منصوبے کے تحت دوسرے مرحلہ میں تحصیل سطح پر اس کی شاخیں بھی قائم کی جانی تھیں، تاہم اب تک فنڈز مختص نہیں کیے جا سکے ، لائیو اسٹاک فارمرز شدید پریشانی کا شکار ،حکومت فوری شروع کروائے :فارمرز

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)جانوروں میں بیماریوں کی بروقت اور جدید بنیادوں پر تشخیص کے لیے ڈویژن سطح پر ڈیزیز انویسٹی گیشن سیل کے قیام کا منصوبہ فنڈز کے تعین نہ ہونے کے باعث تاحال شروع نہ ہو سکا، اور نئے مالی سال میں بھی اس کے آغاز کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈویژنل سطح پر لیبارٹری (ڈیزیز انویسٹی گیشن سیل) کے قیام کے لیے فزیبلٹی رپورٹ تقریباً 4 سال قبل صوبائی حکام کو ارسال کی جا چکی ہے ۔ منصوبے کے تحت بعد ازاں تحصیل سطح پر اس کی شاخیں بھی قائم کی جانی تھیں، تاہم اب تک اس مقصد کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے جا سکے۔

فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث یہ اہم منصوبہ محض فائلوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ، جس پر عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ اس صورتحال کے باعث جانوروں میں بیماریوں کے پھیلاؤ اور بروقت تشخیص میں مشکلات بڑھ رہی ہیں، جبکہ لائیو اسٹاک فارمرز شدید پریشانی کا شکار ہیں۔فارمرز کا کہنا ہے کہ سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں میں مفت علاج کے دعووں کے باوجود عملی طور پر مہنگا علاج جاری ہے ، جس سے ان کا معاشی بوجھ مزید بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ ڈیزیز انویسٹی گیشن سیل کے منصوبے کو فوری طور پر فنڈز فراہم کر کے شروع کیا جائے تاکہ جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ممکن ہو سکے اور لائیو اسٹاک سیکٹر کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں