توانائی بچاؤ مہم ،دکانیں، مارکیٹیں رات 9بجے بند

 توانائی بچاؤ مہم ،دکانیں، مارکیٹیں رات 9بجے بند

شادی ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریبات رات 10 بجے تک جاری رکھی جا سکیں گی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے توانائی بچت مہم کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار نافذ کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے نئے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔وفاقی کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے ، جبکہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریبات رات 10 بجے تک جاری رکھی جا سکیں گی۔ اسی طرح ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور سبزی فروشوں کو رات 11 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔نوٹیفکیشن میں میڈیکل اسٹورز، آئی ٹی کمپنیوں، تندوروں، جمنازیم اور فیول اسٹیشنز کو ان پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔

دوسری جانب مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے صدر شیخ ندیم خاور نے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں نے تاجروں اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز نئے قوانین اور مختلف اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے باعث تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور متعدد مقامات پر عملے اور تاجروں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔شیخ ندیم خاور کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں تاجر برادری سمیت عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ مہنگائی کے باعث غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے بھی پریشان ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سمارٹ لاک ڈاؤن اور کاروباری پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چند روز بعد محرم الحرام کا آغاز ہونے والا ہے ، ایسے میں تاجروں اور شہریوں کو مزید پابندیوں کے بجائے سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں