گورنر پنجاب نے بی زیڈ یو انجینئر کی برطرفی کالعدم قرار دی

گورنر پنجاب نے بی زیڈ یو انجینئر کی برطرفی کالعدم قرار دی

محمد رفیق کو بحالی کا حکم، تین سالہ سروس ضبط کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا

ملتان (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب و چانسلر جامعات پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کے سابق یونیورسٹی انجینئر (الیکٹریکل) محمد رفیق کی برطرفی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ملازمت پر بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔گورنر پنجاب نے یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی جانب سے عائد کی گئی سروس سے برطرفی کی سزا ختم کرتے ہوئے قرار دیا کہ پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت اس نوعیت کی سخت سزا کے لئے مسلسل ایک سال سے زائد غیر حاضری کا واضح ثبوت ضروری ہے ، جو ریکارڈ سے مکمل طور پر ثابت نہیں ہوتا۔فیصلے کے مطابق اگرچہ بعض معاملات میں بدانتظامی کے عناصر موجود ہو سکتے ہیں۔

تاہم ان کی بنیاد پر برطرفی جیسی بڑی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔ اس لیے سنڈیکیٹ کا 7 فروری 2025 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محمد رفیق نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف الزامات درست نہیں اور متعلقہ عرصے میں انتظامیہ انہیں ملازم تصور کرتی رہی۔ دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ وہ طویل عرصے تک غیر قانونی طور پر غیر حاضر رہے ۔گورنر پنجاب نے دونوں فریقین کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ان کی بحالی کا حکم جاری کیا، تاہم سابقہ تین سالہ سروس کو ضبط برقرار رکھا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں