الخدمت فاؤنڈیشن کا صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع
نور شاہ روڈ پر آر او پلانٹ اگست تک مکمل فعال کر دیا جائے گا:فرقان آصف
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کوٹ ادو میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پرانی سبزی منڈی نور شاہ روڈ پر جدید آر او پلانٹ ماہ اگست تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹ ادو فرقان آصف بزدار نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ شہریوں کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے لیے ایک اہم کاوش ہے جس سے پورے شہر کے مکین مستفید ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ آر او پلانٹ سے گھر گھر صاف پانی کی سپلائی کا نظام بھی ترتیب دیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔فرقان آصف بزدار نے کہا کہ زیر زمین پانی آلودہ ہو چکا ہے جس کے باعث مختلف بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ یہ منصوبہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری سے آراستہ یہ آر او پلانٹ کوٹ ادو کی تاریخ کا ایک اہم فلاحی منصوبہ ہے جس سے شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔