ہسپتال کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی:ملیحہ رشید

ہسپتال کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی:ملیحہ رشید

باوقار سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کے اعزاز میں اظہار تشکر کی ایک پروقار تقریب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں منعقد ہوئی جس کی میزبانی ایم ایس ڈاکٹر عمارہ اطہر نے کی جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید مہمانِ خصوصی تھیں۔ تقریب میں ڈاکٹر حافظ وقاص منیر (اے ایم ایس)، ڈاکٹر عمران انجم (اے ایم ایس)، اسفندیار کھگہ (ایڈمن آفیسر) سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے بہتر انتظامات، صاف ستھرا ماحول اور مریضوں کو باوقار سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے درمیان بہترین رابطہ اور تعاون سے ہسپتال کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عمارہ اطہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید ایک باصلاحیت، متحرک اور عوام دوست انتظامی افسر ہیں جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں او پی ڈی اور ٹراما سنٹر کے اطراف سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کے اقدامات سے مریضوں اور لواحقین کو واضح سہولت ملی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں