فوڈ اتھارٹی کا آپریشن ، ناقص مصالحہ جات، مشروبات تلف، بھاری جرمانے عائد
سرخ مرچوں، ہلدی پاؤڈر میں رنگ کی ملاوٹ ،25کلو مصالحہ جات،100کلو غیر معیار ی سوڈا واٹر، 15کلو مصنوعی مٹھاس تلف،پلانٹ کو 40ہزار روپے عائد کردیئے
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر وہاڑی میں مصالحہ چکی اور سوڈا واٹر فیکٹری پر کارروائی، 25 کلو ملاوٹی مصالحہ جات، 100 لیٹر غیر معیاری سوڈا واٹر، 15 کلو مصنوعی مٹھاس تلف، مصالحہ چکی مالک کیخلاف ایف آئی آر درج،پروڈکشن بند، سوڈا واٹر فیکٹری کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر مجاہد کالونی بوریوالا اور بستی لیاقت آباد میلسی میں مصالحہ چکی اور سوڈا واٹر پلانٹ کو چیک کیا گیا۔ سرخ مرچوں اور ہلدی پاؤڈر میں رنگ کی ملاوٹ پائی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے 25 کلو ملاوٹی مصالحہ جات موقع پر تلف کئے۔
سیمپل فیل ہونے پر مصالحہ چکی مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی جبکہ چکی کی اصلاح تک پروڈکشن بند کردی گئی۔ دوسری جانب سوڈا واٹر مشروبات میں مصنوعی مٹھاس اور ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ پائے جانے پر 100 لٹر غیر معیاری سوڈا واٹر، 15 کلو مصنوعی مٹھاس تلف کرتے ہوئے سوڈا واٹر پلانٹ کو40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ خوراک میں ملاوٹ ایک سنگین جرم ہے جس پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے باسیوں کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔