کمشنر سرگودھا کاڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ کیا۔
انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے او پی ڈی، رجسٹریشن کاؤنٹر، مختلف وارڈز اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج معالجہ، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں اور تیمارداروں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ، صاف پینے کے پانی، مناسب انتظار گاہوں اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔