مسترددرخواست گزاروں کو اپیل کا موقع فراہم کیا جائے
درخواستوں کا ازسرِنو جائزہ لے کر میرٹ کے مطابق فیصلہ کیا جائے ،کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت \"اپنا کھیت اپنا روزگار\" پروگرام کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحصیل سطح پر قائم سکروٹنی کمیٹیوں کی کارکردگی اور درخواستوں کی جانچ پڑتال کے لیے جاری کردہ گائیڈ لائنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال شفاف، غیر جانبدارانہ اور مقررہ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مسترد شدہ درخواست گزاروں کو ہر صورت اپنا مؤقف پیش کرنے اور اپیل دائر کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے ۔کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ مسترد شدہ درخواست گزاروں کی سماعت 5 اور 6 جون 2026 کو لازمی طور پر کی جائے اور ان کی درخواستوں کا ازسرِنو جائزہ لے کر میرٹ کے مطابق فیصلہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے مقاصد کے حصول اور کسانوں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے شفافیت اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت ڈویژن بھر میں کالج سیکٹر کی جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، فنڈز کے استعمال اور مقررہ اہداف کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔