ایگریکلچر انکم ٹیکس، اسٹیمپ ڈیوٹی، فیسوں کی وصولیوں میں واضح فرق
ایگریکلچر انکم ٹیکس، اسٹیمپ ڈیوٹی، فیسوں کی وصولیوں میں واضح فرقسو فیصد ریکوری اور متعلقہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے 25 جون کی ڈیڈ لائن مقرر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سرگودھا میں ایگریکلچر انکم ٹیکس، اسٹیمپ ڈیوٹی، کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور رجسٹریشن فیسوں کی مد میں ہونے والی وصولیوں میں واضح فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سو فیصد ریکوری اور متعلقہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے 25 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے ،ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ایف بی آر کی جانب سے فراہم کردہ فہرستوں کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز نے ایگریکلچر انکم ٹیکس کی وصولیوں کا جائزہ لیا، جبکہ دوسرے مرحلے میں جائیدادوں کی رجسٹری کے دوران کیپیٹل ویلیو ٹیکس، اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس کی مد میں سب رجسٹرارز کی جانب سے کی جانے والی وصولیوں کا ریکارڈ چیک کیا گیا،آڈیٹرز اور انسپکٹر اسٹیمپ پنجاب نے پری آڈٹ کے دوران ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد وصولیوں میں نمایاں فرق کی نشاندہی کی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وصولیوں کی رفتار اور شرح غیر تسلی بخش ہے ، جبکہ بعض مقامات پر ریکارڈ میں اصل وصولیوں سے زیادہ رقم ظاہر کیے جانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ اس صورتحال پر ممبر ٹیکسز، بورڈ آف ریونیو پنجاب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ افسران کو فوری طور پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے ۔