پی آئی سی پی پروگرام کے تحت ایک لاکھ 50 ہزار سمز تقسیم
باقی تمام سمز کی تقسیم 30 جون 2026 تک مکمل کر لی جائے گی، ڈپٹی ڈائریکٹر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صفدر اعوان نے بتایا کہ رجسٹرڈ مستحقین کیلئے مختص 2 لاکھ 10 ہزار سمز میں سے اب تک ایک لاکھ 50 ہزار سمز تقسیم کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی تمام سمز کی تقسیم 30 جون 2026 تک مکمل کر لی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی نئی پالیسی کے تحت BISP والیٹ اکاؤنٹس کے قیام اور مالی معاونت کی شفاف و بروقت فراہمی کے لیے مستحقین کو سمز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنی مالی امداد براہِ راست اور آسانی کے ساتھ وصول کر سکیں۔صفدر اعوان کے مطابق ضلع بھر میں اب تک تقسیم کی جانے والی ایک لاکھ 50 ہزار سمز میں سرگودھا تحصیل میں 80 ہزار، ساہیوال میں 20 ہزار، بھیرہ میں 20 ہزار، سلانوالی میں 10 ہزار، شاہ پور میں 10 ہزار اور بھلوال میں 10 ہزار سمز شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور BISP کی ٹیمیں مستحق افراد تک سہولت کی بروقت فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں اور سمز کی تقسیم کا عمل مقررہ ہدف کے مطابق مثبت انداز میں جاری ہے ۔