بلدیاتی اداروں میں نئی بھرتیوں کی تجاویزارسال نہیں کی جا سکیں

بلدیاتی اداروں میں نئی بھرتیوں کی تجاویزارسال نہیں کی جا سکیں

انتظامی امور متاثر ہونے اور مسئلہ مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومتی ہدایات کے باوجود سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی اضلاع کے بلدیاتی اداروں میں افسران کی کمی دور کرنے کے لیے نئی بھرتیوں سے متعلق تجاویز تاحال صوبائی حکام کو ارسال نہیں کی جا سکیں، جس کے باعث انتظامی امور متاثر ہونے اور مسئلہ مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ،ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے 421 بلدیاتی اداروں میں میونسپل آفیسر (فنانس)، میونسپل آفیسر (ریگولیشن)، میونسپل آفیسر (پلاننگ) اور میونسپل آفیسر (انفراسٹرکچر اینڈ سروسز) کی تقریباً 200 ایل سی ایس (لوکل کونسل سروس) اسامیاں خالی ہیں،جس کے باعث متعدد افسران کو بیک وقت دو یا اس سے زائد عہدوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے ، اورانہیں مختلف بلدیاتی اداروں میں باری باری فرائض انجام دینا پڑتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث انتظامی امور کی رفتار اور اداروں کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ ،ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئی بھرتیوں سے متعلق تجاویز طلب کی تھیں، تاہم 10ماہ گزرنے کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مطلوبہ تفصیلات اور سفارشات ارسال نہیں کی جا سکیں،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر خالی آسامیوں پر جلد بھرتیاں نہ کی گئیں تو بلدیاتی اداروں میں مالی، انتظامی اور ترقیاتی معاملات مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں