الیکٹرک بسوں کو صرف ایک تحصیل خوشاب تک محدود کر دیا گیا
خوشاب(نمائندہ دُنیا)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ماحول دوست سفری پراجیکٹ کے تحت ضلع خوشاب کو فراہم کی جانیوالے الیکٹرک بسوں کو صرف ایک تحصیل خوشاب تک محدود کر دیا گیا۔
جس کے باعث ضلع کی دیگر تین تحصیلوں نور پور تھل قائد آباد اور نوشہری کے مکینوں میں شدید اضطراب ، بے چینی اور احساس محرومی جنم لے رہا ہے ، تینوں تحصیلوں کے مکینوں کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس عظیم پراجیکٹ کو صرف ایک تحصیل تک محدود کر کے دیگر چار تحصیلوں کو محروم رکھنا قرین انصاف نہیں انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ ضلع خوشاب کو ملنے والی بسوں کو چاروں تحصیلوں میں برابری کی سطح پر تقسیم کر کے انصاف کے تقاضے پورے کئے جاتے ۔لیکن ایسا نہ کر کے تینوں تحصیلوں کی حق تلفی کی گئی انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور ضلع خوشاب کی تین پسماندہ تریں تحصیلوں کے مکینوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔