خوشاب: انوائرمنٹ کمیٹی کا اجلاس، 7 این او سی کیسز منظور
خوشاب: انوائرمنٹ کمیٹی کا اجلاس، 7 این او سی کیسز منظورمائنز اینڈ منرل سے متعلق تمام امور بہتر انداز میں نمٹائے جائیں:ہدایات
خوشاب (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیرِ صدارت کانفرنس ہال میں انوائرمنٹ اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ مائنز جوہرآباد محمد ذیشان، ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ آفیسر عمار، محکمہ وائلڈ لائف، فاریسٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر مائنز محمد ذیشان اور ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ آفیسر عمار نے ضلع میں کوئلہ، نمک، پتھر، سلیکا سینڈ، نائٹریٹ اور دیگر معدنی ذخائر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سالٹ رینج کے علاقوں کٹھہ، سکیسر، وادی سون، پیل پڈھراڑ، دھمن، قائدآباد اور ام شریف کو اے ، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے ، جبکہ فاریسٹ اور وائلڈ لائف ایریاز سے متعلق بھی تحریری رپورٹ پیش کی گئی۔ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ آفیسر نے مائننگ اور جنگلاتی علاقوں میں ماحولیاتی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے تحفظِ ماحول کے حوالے سے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ مائنز اینڈ منرل سے متعلق تمام امور بہتر انداز میں نمٹائے جائیں، موجودہ مسائل کا مؤثر حل نکالا جائے اور مائننگ ایریاز، فاریسٹ ایریاز، زرعی علاقوں، فیکٹریوں اور صنعتی علاقوں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے تاکہ عوام کو آلودگی سے محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ رہائشی علاقوں میں کسی بھی منصوبے کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ضلع بھر میں صاف، شفاف اور صحت بخش ماحول کو یقینی بنایا جا سکے ۔اجلاس کے اختتام پر نمک اور سلیکا سینڈ سے متعلق سات این او سی کیسز پیش کیے گئے ۔ تمام دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ساتوں کیسز کی منظوری دے دی۔