بھیرہ:جامع مسجد بگویہ میں فرسٹ ایڈ کی اہمیت پر تربیتی پروگرام
بھیرہ:جامع مسجد بگویہ میں فرسٹ ایڈ کی اہمیت پر تربیتی پروگرام ریسکیو 1122 نے عملی تربیت فراہم کی،صاحبزادہ ابرار احمد بگوی نے خطاب کیا
بھیرہ (نامہ نگار)مجلس حزب الانصار (رجسٹرڈ) جامع مسجد بگویہ کے زیرِ اہتمام مرکزی جامع مسجد بگویہ میں \"اسلام اور انسانی زندگی میں فوری طبی امداد (فرسٹ ایڈ) کی اہمیت\" کے عنوان سے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ممتاز مذہبی سکالر اور خطیبِ شہر صاحبزادہ ابرار احمد بگوی نے خطاب کرتے ہوئے اسلام میں انسانی جان کی حرمت اور اس کے تحفظ کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانی جان بچانے کو غیر معمولی اہمیت دی ہے اور قرآن کریم کے مطابق ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلامی تعلیمات میں فوری طبی امداد (فرسٹ ایڈ) کا تصور نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے ۔نماز جمعہ کے بعد ریسکیو 1122 تحصیل بھیرہ کے انچارج محمد طارق نے نمازیوں کی بڑی تعداد کو ہنگامی حالات سے نمٹنے ، حادثات کے دوران گھبراہٹ سے بچنے اور بروقت و مؤثر اقدامات اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ریسکیو 1122 کی ٹیم نے حادثات، آگ لگنے اور اچانک طبی ایمرجنسی کی صورت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے عملی طریقے بھی سکھائے ۔ جن سے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔سماجی اور عوامی حلقوں نے مجلس حزب الانصار (رجسٹرڈ) اور جامع مسجد بگویہ کی انتظامیہ کے اس مفید اور شعور بیدار کرنے والے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔