این جی اوز کی رجسٹریشن ،زیر التواء کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے این جی اوز کی رجسٹریشن اور تجدید کے معاملات میں غیر ضروری تاخیر اور کمزور چیک اینڈ بیلنس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سرگودھا سمیت مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
جاری ہدایت نامے میں کہا گیا کہ این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز مجاز اتھارٹیز ہیں اور اپنے دائرہ اختیار میں ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت کیے گئے اقدامات کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب چیریٹیز کمیشن نے این جی اوز کے معائنوں کی منظوری بھی دی ۔ متعدد این جی اوز اور سول سوسائٹی تنظیموں نے پنجاب چیریٹیز کمیشن میں شکایات درج کرائیں کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں رجسٹریشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر سے زیر التواء ہیں۔محکمہ داخلہ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق تمام زیر التواء معاملات فوری طور پر نمٹائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے کا جائزہ آئندہ صوبائی اجلاس میں بھی لیا جائے گا۔