علمائے کرام کا قیامِ امن، اتحاد و اتفاق کے فروغ پر زور
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)مختلف مذہبی جماعتوں کے علمائے کرام نے قیامِ امن، بھائی چارے ، قومی اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن و استحکام کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ایڈیشنل ناظم اعلیٰ علامہ سید سبطین شاہ نقوی، جمعیت اشاعت اہل سنت والجماعت کے صوبائی نائب امیر پنجاب علامہ عطاء اللہ بندیالوی، متحدہ علماء کونسل کے قاری احمد علی ندیم، علامہ عبداللہ سعید ہاشمی، قاری وقار احمد عثمانی، حافظ میاں عبدالغفار آزاد، مولانا محمد عمر فاروقی، ملک محمود حسین اعوان، امیر افضل اعوان، ریاست علی فیروزی، علامہ محمد اشرف فاروقی، اتحاد العلماء کے صدر قاضی نگاہ مصطفیٰ، جنرل سیکرٹری مولانا ملک ضیاء الحق، سیکرٹری اطلاعات شیخ نعیم طاہر، شفقت اقبال اللہ اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور عظمتِ صحابہ کرامؓ اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن، برداشت، بھائی چارے اور عوام کے تحفظ کا درس دیتا ہے ، اس لیے معاشرے میں امن و امان کے قیام، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔علمائے کرام نے صبر و تحمل، قومی اتحاد، اتفاق، حب الوطنی اور قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہی اصولوں پر عمل سے معاشرے میں امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔