’’امیونائزیشن پاسپورٹ‘‘منصوبے پر عملی پیش رفت شروع
ہر بچے کی ویکسینیشن کا مکمل ریکارڈ آن لائن محفوظ اور قابل رسائی ہوگا،ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع بھر میں بچوں کی ویکسینیشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے \"امیونائزیشن پاسپورٹ\" منصوبے پر عملی پیش رفت شروع کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نادرا اور محکمہ صحت کے باہمی اشتراک سے بچوں کے لیے ڈیجیٹل امیونائزیشن کارڈ متعارف کرایا جا رہا ہے ، جس کے ذریعے ہر بچے کی ویکسینیشن کا مکمل ریکارڈ آن لائن محفوظ اور قابل رسائی ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے حفاظتی ٹیکوں کی بروقت نگرانی، کوریج میں بہتری، ریکارڈ کی شفافیت اور بچوں کی ویکسینیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا،اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں ضلع کی دو یونین کونسلوں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جسے 60 دن کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اگر پائلٹ مرحلہ کامیاب رہا تو اس منصوبے کو آئندہ 120 دن کے اندر ضلع سرگودھا کی تمام 167 یونین کونسلوں تک توسیع دے دی جائے گی حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ڈیجیٹل امیونائزیشن کارڈ کی معمول کی فیس 50 روپے جبکہ فوری (ارجنٹ) سروس کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ بچوں کی بروقت ویکسینیشن اور اس کے ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنا صحت عامہ کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments