ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کمپلیکس 5 سال سے التوا کا شکار، دفاتر کی عدم دستیابی سے عملہ مشکلات کا شکار
جگہ کی کمی کے باعث شعبہ جات کو پارکنگ گراج اور ڈاکٹرز ہاسٹل سے ملحقہ عمارت کے چند کمروں میں کام کرنا پڑتا، اب منصوبے کی تخمینہ لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کمپلیکس کا منصوبہ پانچ سال بعد بھی التوا کا شکار، دفاتر کی عدم دستیابی سے افسران اور ملازمین مشکلات کا شکار، انتظامی امور شدید متاثر ہونے لگے ،ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا کمپلیکس کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر کے باعث ادارے کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ محدود جگہ اور نامناسب دفتری ماحول کے باعث روزمرہ امور کی انجام دہی میں افسران و ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتال کی موجودہ جگہ پر قائم ہیلتھ افسران کے دفاتر مسمار کیے جانے کے بعد انہیں ہسپتال کے پرانے ایڈمنسٹریشن بلاک میں منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں اس عمارت کو بھی گرا کر وہاں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کی تعمیر شروع کر دی گئی۔ جس کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ڈی ایچ ڈی سی کی عمارت میں منتقل کیا گیا، جہاں جگہ کی کمی کے باعث مختلف شعبہ جات کو پارکنگ گراج اور ڈاکٹرز ہاسٹل سے ملحقہ عمارت کے چند کمروں میں قائم کرنا پڑا،ناکافی جگہ اور بکھرے ہوئے دفاتر کے باعث نہ صرف ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ محکمہ صحت کے انتظامی معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں،دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کمپلیکس کی تعمیر کے لیے تقریباً 14 کروڑ روپے مالیت کا منصوبہ اور پی سی ون تیار کر کے متعلقہ حکام کو بھجوایا جا چکا ہے ، تاہم گزشتہ تقریباً پانچ سال سے یہ منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل نہ ہو سکااور باعث تشویش امر یہ ہے کہ ہر سال فنڈز کی کمی کو جواز بنا کر اس اہم منصوبے کو نظر انداز کیا جاتا رہا، جس کے باعث اب منصوبے کی تخمینہ لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments