واجبات کی عدم ادائیگی پر واٹر سپلائی کنکشن منقطع کرنے کا انتباہ، پانی کے بحران کا خدشہ

واجبات کی عدم  ادائیگی پر واٹر سپلائی کنکشن منقطع کرنے کا انتباہ، پانی کے بحران کا خدشہ

نہر لوئر جہلم سے منسلک واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشنز کے واجبات کئی ماہ سے ادا نہیں کیے گئے ، کنکشن کاٹنے کی صورتحال پر شہری حلقوں میں تشویش ، پینے کے پانی کی شدید قلت کا خدشہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) محکمہ انہار نے واجبات کی عدم ادائیگی پر ضلع سرگودھا کی مختلف واٹر سپلائی سکیموں کے پانی کے کنکشن منقطع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے ، جس سے متعلقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے اور پینے کے پانی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔محکمہ انہار کی جانب سے میونسپل کارپوریشن سرگودھا اور میونسپل کمیٹیوں سلانوالی، شاہ پور اور ساہی وال کے چیف آفیسرز کو جاری نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ نہر لوئر جہلم سے منسلک واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشنز کے واجبات کئی ماہ سے ادا نہیں کیے گئے ۔محکمہ کے مطابق بلدیاتی اداروں کو متعدد مرتبہ ادائیگی کے لیے یاد دہانی کرائی جا چکی ہے ، تاہم صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔ بار بار نوٹسز کے باوجود واجبات ادا نہ ہونے پر اب پانی کے کنکشن منقطع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر واجبات کی ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو نہر لوئر جہلم سے فراہم کیے جانے والے پانی کے کنکشنز منقطع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس صورتحال نے شہری حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے ، کیونکہ کنکشن منقطع ہونے کی صورت میں متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت کا خدشہ ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ انہار اور متعلقہ بلدیاتی اداروں کے درمیان واجبات کا معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو ممکنہ پانی کے بحران سے بچایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...