بڑے منافع خور محفوظ،چھوٹے دکانداروں کو جرمانے
افسران فیلڈ میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ماتحت عملہ مبینہ طور پر ریڑھی بانوں اور دیہاڑی دار طبقے کو جرمانے کروانے میں مصروف کارکردگی کا معیار زیادہ سے زیادہ انسپکشنزاور بھاری جرمانے ظاہرکرنا رہ گیا مہنگائی کا عملی کنٹرول انتظامیہ کے ایجنڈہ میں نہیں،ناانصافیاں نہ روکیں تو احتجاج ہو گا، دکاندار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مہنگائی کے خلاف کارروائیوں کے دعووں کے برعکس ضلع سمیت ریجن بھر میں پرائس کنٹرول نظام خود سوالیہ نشان بنتا جا رہا ہے ،بڑے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں محدود ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ماتحت عملہ مبینہ طور پر اختیارات کا رخ چھوٹے دکانداروں، ریڑھی بانوں اور دیہاڑی دار طبقے کی طرف موڑ کر بھاری جرمانے کروانے میں مصروف ہے ۔ صورتحال یہ ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے بجائے کارروائیوں کا محور کمزور طبقہ بنتا جا رہا ہے ، ذرائع کے مطابق ضلع میں چند فعال پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے علاوہ بیشتر افسران فیلڈ میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے ، جبکہ کارروائیوں کا عملی نظام ان کے ماتحت عملے کے ذریعے چلایا جا رہا ہے ، مجموعی طور پر کارکردگی کا معیار زیادہ سے زیادہ انسپکشنزاور بھاری جرمانے ظاہرکرنا رہ گیا جبکہ مہنگائی کا عملی کنٹرول انتظامیہ کے ایجنڈہ میں سے سے نہیں ،متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ بعض کلریکل ملازمین عملاً پرائس مجسٹریٹ کے اختیارات استعمال کرتے ہیں اور معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کروا کر انہیں ہراساں کیا جاتا ہے ،ریڑھی بانوں، خوانچہ فروشوں اور چھوٹے دکانداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر پورے پرائس کنٹرول نظام کا آزادانہ جائزہ لیں، ماتحت عملے کے کردار کی تحقیقات کرائیں اور کارروائیوں کا رخ بڑے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب بھی موڑیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مبینہ ناانصافیاں نہ روکیں گئیں تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments