ٹرمپ نے امریکی اسلحے کے ذخائر میں کمی کی خبروں کو مسترد کر دیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کہا ہے کہ امریکا کے پاس بڑی مقدار میں جدید اسلحہ موجود ہے، ملکی سطح پر اسلحے کی پیداوار بھی تیزی سے بڑھائی جا رہی ہے، ہتھیاروں کی متعدد اقسام کے وافر ذخائر دستیاب ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ دفاعی کمپنیاں امریکی تاریخ میں سب سے بڑی تعداد میں اسلحہ فیکٹریاں قائم کر رہی ہیں، اسلحہ ذخائر میں کمی کے حوالے سے سامنے آنے والی معلومات کو لیک کرنے والے غدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معلومات کو افشا کرنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، معلومات لیک کرنے والوں کے خلاف طویل مدت کی قید کی سزاؤں کا مطالبہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑے حملےکی تیاری کر رہا تھا کہ اسی دوران ایرانی حکام نے رابطہ کیا، انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ براہ کرم ایسا نہ کریں، آئیے! بات کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ مزید فوجی کارروائی کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم امریکا کے بنیادی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، میں معاہدہ کرنا پسند کروں گا کیونکہ میں لوگوں کو مارنا نہیں چاہتا، لیکن ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔‘

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھولنے سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔

ٹرمپ نے ایک روز قبل بھی کہا تھا کہ مذاکرات میں ’نمایاں پیش رفت‘ ہوئی ہے اور امکان ہے کہ کسی معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

امریکی انتظامیہ مسلسل اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ تہران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی بنیادی شرط یہ ہوگی کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے، اور ٹرمپ نے بدھ کے روز بھی اس مؤقف کو دہرایا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ایک متفقہ راستے پر اتفاق کر لیا ہے، جبکہ دونوں ممالک اس اہم بحری گزرگاہ کے مشترکہ انتظام سے متعلق حتمی انتظامات کو بھی آخری شکل دے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...