نکاسی آب کا نظام خطرے میں، نالے اور پائپ بند
نکاسی آب کا نظام خطرے میں، نالے اور پائپ بند بارش میں پانی کی بروقت نکاسی مشکل،اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کا امکان
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)مون سون بارشوں سے قبل شہر میں بارشی پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر کیے گئے نالوں اور نصب پلاسٹک پائپوں کی صفائی نہ ہونے سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ مختلف مقامات پر پلاسٹک پائپ مٹی، شاپنگ بیگز، گندگی اور دیگر کچرے سے اٹ چکے ہیں، جس کے باعث بارش کی صورت میں پانی کی بروقت نکاسی مشکل اور اہم شاہراہوں پر بارشی پانی جمع ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر میں سڑکوں اور آبادیوں سے بارشی پانی نکالنے کے لیے ٹھیکیدار کی جانب سے تعمیر کیے گئے نکاسی نالوں میں پلاسٹک پائپ نصب کیے گئے تھے ، تاہم مناسب دیکھ بھال اور بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث ان پائپوں میں مٹی، پلاسٹک بیگز اور دیگر کچرا جمع ہو چکا ہے ، جس سے پانی کے گزرنے کا راستہ محدود ہوگیا ہے ۔بارش کے دوران بند پائپوں کے باعث پانی نالوں میں جانے کے بجائے سڑکوں پر جمع ہونے کا خدشہ ہے ، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے ، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعلقہ واسا افسران بارشی نالوں اور پائپوں سے رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت سے آگاہ ہیں، جبکہ پائپوں کی صفائی اور نالوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری متعلقہ ٹھیکیدار پر عائد ہوتی ہے ۔ اس کے باوجود مون سون سے قبل نکاسی آب کے راستوں کی مکمل صفائی نہ ہونا انتظامی غفلت قرار دیا جا رہا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بارشوں سے قبل تمام بارشی نالوں اور پائپوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کرائی جائے اور نکاسی آب کے نظام کی باقاعدہ مینٹیننس یقینی بنائی جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کچرے سے بند پائپ بروقت صاف نہ کیے گئے تو چند گھنٹوں کی بارش بھی شہر میں شدید مشکلات پیدا کر سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments