ادائیگیاں ڈیجیٹل ہونے کے باوجود ایکسائز دفتر کے باہر ایجنٹ مافیا کی سرگرمیاں جاری
غیر مجاز ایجنٹ شہریوں سے رابطہ کرکے سرکاری طریقہ کار میں مداخلت کرتے ، اضافی رقم کا مطالبہ کرتے اور عوام کو گمراہ کرنے کا باعث بن رہے ہیں
سرگودھا(نعیم فیصل سے )حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا نظام بائیومیٹرک اور ادائیگیاں ڈیجیٹل کرکے شفاف بنا دیں، مگر ایکسائز و ٹیکسیشن دفتر کے باہر غیر مجاز ایجنٹ مافیا کی سرگرمیاں بدستور جاری، شہریوں سے اضافی فیس وصولی اور سرکاری امور میں بڑھتی ہوئی مداخلت پر موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ سے فوری کریک ڈاؤن کی سفارشات ارسال کر دیں موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی سرگودھا کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو بھجوائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کی اصلاحات کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل بائیومیٹرک جبکہ مقررہ فیسوں کی ادائیگی آن لائن اور ڈیجیٹل ذرائع سے کی جا رہی ہے، جس سے انسانی مداخلت میں نمایاں کمی آئی ہے ،تاہم اس کے باوجود ایکسائز دفتر اور اس کے اطراف میں غیر مجاز ایجنٹ شہریوں سے رابطہ کرکے سرکاری طریقہ کار میں مداخلت کرتے ، اضافی رقم کا مطالبہ کرتے اور عوام کو گمراہ کرنے کا باعث بن رہے ہیں ایجنٹوں کی موجودگی سے دفتر میں بدنظمی پیدا ہونے کے ساتھ محکمہ کے تشخص کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ،موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسائز دفتر اور اس کے فوری اطراف سے غیر مجاز ایجنٹوں کا مؤثر اخراج یقینی بنایا جائے ، سرکاری احاطے کے ناجائز استعمال اور عوامی خدمات میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے ،مراسلہ میں ایجنٹوں کے دوبارہ سرگرم ہونے کی روک تھام کے لیے مستقل نگرانی اور مؤثر چیکنگ کے ساتھ شہریوں کی رہنمائی کے لیے باقاعدہ مدد ڈیسک قائم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے ، تاکہ شہری براہِ راست بائیومیٹرک اور آن لائن نظام سے مستفید ہو سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments