یونیورسٹی سرگودھا کے طلبہ و اساتذہ پر مشتمل وفد کا بیجنگ کا دورہ
یونیورسٹی سرگودھا کے طلبہ و اساتذہ پر مشتمل وفد کا بیجنگ کا دورہ عظیم دیوارِ چین سمیت اہم ثقافتی، تاریخی اور تعلیمی مقامات کا مشاہدہ کیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاک چین یوتھ کلچرل ایکسپیرینس سمر کیمپ 2026 کے سلسلے میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ و اساتذہ پر مشتمل وفد نے بیجنگ کا دورہ کیا، جہاں شرکاء نے پاکستان کے سفارتخانے ، چائنا میڈیا گروپ اور عظیم دیوارِ چین سمیت اہم ثقافتی، تاریخی اور تعلیمی مقامات کا مشاہدہ کیا۔دورے کا مقصد طلبہ کو چین کی تاریخ، ثقافت، تعلیمی و ابلاغی نظام سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور باہمی دوستی کو مزید مستحکم کرنا تھا۔بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے کے دورے کے دوران وفد کو پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات،سفارتی روابط اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تبادلوں کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔شرکاء کو چین میں پاکستانی سفارتی مشن کے مختلف امور اور ذمہ داریوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس سے انہیں پاکستان کی خارجہ سفارت کاری اور پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کا موقع ملا۔وفد نے چائنا میڈیا گروپ کا بھی دورہ کیا، جہاں طلبہ نے جدید چینی میڈیا کے نظام، نشریاتی طریقہ کار، ڈیجیٹل میڈیا اور بین الاقوامی ابلاغ کے جدید رجحانات کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے ایک خصوصی پروگرام بھی ریکارڈ کیا گیا،جس میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ نے شرکت کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments