کوٹ مومن :ستھرا پنجاب آپریشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
کمشنر کا دورہ ،بیوٹیفکیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا ، اسسٹنٹ کمشنر نے بریفنگ دیاہم شاہراہوں کی خوبصورتی کیلئے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ بندی کی جائے،کمشنر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے تحصیل کوٹ مومن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن اور مختلف مقامات پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد عاطف سندھو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محسن ڈھلوں نے کمشنر سرگودھا کو تحصیل میں جاری ستھرا پنجاب آپریشن، صفائی کی مجموعی صورتحال اور سیال موڑ کے مختلف مقامات پر قائم بیوٹیفکیشن پوائنٹس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے اسلام آباد انٹرچینج اور لاہور انٹرچینج کے اطراف جاری صفائی کے کام اور خوبصورتی کے مجوزہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز نے کمشنر کو ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیل کوٹ مومن سمیت ضلع بھر میں جاری صفائی سرگرمیوں، مانیٹرنگ کے طریقہ کار اور صفائی کا معیار برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شاہراہوں، داخلی و خارجی راستوں، انٹرچینجز اور عوامی مقامات پر صفائی کا معیار ہر صورت برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات کی خوبصورتی کے لیے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ بندی کی جائے تاکہ علاقے کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے ۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو صفائی اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments