پہلی شادی چھپا کر خاتون سے مبینہ دوسری شادی
پہلی شادی چھپا کر خاتون سے مبینہ دوسری شادی پستول تان کر دھمکانے کا الزام، شوہر سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پہلی شادی چھپا کر خاتون سے مبینہ دوسری شادی، نکاح نامہ غائب کرنے اور پستول تان کر دھمکانے کا الزام، شوہر سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق محلہ بورڈنگ فروکہ کی رہائشی کلثوم نے الزام عائد کیا کہ ملزم محمد جاوید نے خود کو کنوارہ ظاہر کر کے اپنے ساتھی عامر علی کی مبینہ ملی بھگت سے اس کے اہلخانہ سے رشتہ طے کیا، جس کے بعد 12 اپریل 2026 کو پانچ مرلے کے مکان کو حق مہر میں شامل کرتے ہوئے شادی اور نکاح ہوا، نکاح مولوی فیصل نے پڑھایا اور شادی کے بعد وہ شوہر کے فراہم کردہ مکان میں رہائش پذیر ہوگئی، تاہم کچھ عرصے بعد اسے معلوم ہوا کہ محمد جاوید پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس نے اپنی پہلی شادی چھپا کر مبینہ دھوکہ دہی سے دوسری شادی کی، حقیقت سامنے آنے پر احتجاج کیا تو شوہر نے مبینہ طور پر اسے پستول تان کر دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو جان سے مار دے گا، جبکہ نکاح خواں مولوی فیصل پر بھی الزام عائد کیا گیا کہ نکاح نامہ درج کرنے کے باوجود اسے متعلقہ یونین کونسل میں رجسٹرڈ نہیں کروایا گیا اور بعد ازاں نکاح نامے کا ریکارڈ بھی غائب کر دیا گیا،خاتون نے واقعہ اپنے اہل خانہ کو بتایا جنہوں نے ملزمان سے رابطے کی کوشش کی، تاہم ملزمان مبینہ طور پر روپوش ہوگئے ، جبکہ محمد جاوید نے بعد ازاں واٹس ایپ کے ذریعے طلاق کا نوٹس بھی بھجوا دیااور ملزمان کی مبینہ ملی بھگت سے اس کے ملکیتی مکان اور جہیز کے سامان پر قبضہ کر لیا گیا۔ تھانہ ترکھان والا پولیس نے محمد جاوید، عامر علی کاظمی اور مولوی فیصل کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments