شاہپور میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا
ممتاز اسٹیڈیم، جھاوریاں روڈ، لک موڑ روڈ، جیل روڈ سمیت متعدد سڑکیں تعمیر
شاہپور صدر (نامہ نگار)پارلیمانی سیکرٹری لائیوسٹاک و ممبر پنجاب اسمبلی سردار محمد عاصم شیر میکن کی خصوصی کاوشوں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد تحصیل شاہپور میں الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر سردار محمد عاصم شیر میکن نے کہا کہ گرین بس سروس کا آغاز عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کی جانب اہم قدم ہے ، شاہپور کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران ممتاز اسٹیڈیم، جھاوریاں روڈ، لک موڑ روڈ، جیل روڈ سمیت متعدد سڑکیں تعمیر کی گئیں جبکہ مزید 45 کلومیٹر سڑکوں، جھاوریاں میں ریسکیو 1122، آر ایچ سی اور بی ایچ کیو سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک گرین بس سروس سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور بہتر سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ خواتین، بزرگ شہریوں اور طلباء کو مفت سفر کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ جدید پبلک ٹرانسپورٹ سے آمدورفت میں آسانی کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ گرین بس سروس شاہپور سٹی سے سرگودھا تک مختلف اہم مقامات سے ہوتی ہوئی لاری اڈا سرگودھا تک جائے گی۔ روٹ میں اچھر موڑ، مہر شاکر والا بھٹہ، عاقل شاہ، شاہپور صدر، کالج موڑ، ایل آر بی ٹی ہسپتال، چاہ کوڑہ، نصیر کالونی، جلال دا گوہڑ، جہان آباد موڑ، ویگوال، دھریمہ، جھال چکیاں، بھٹی ٹاؤن، جھنگ موڑ، نہر پل، نوری گیٹ، سٹی سٹاپ، نواز شریف کارڈیالوجی اور 9 نمبر چونگی سمیت متعدد مقامات شامل ہیں۔ پہلی بس صبح 6 بجے جبکہ آخری بس رات 10 بجے شاہپور سے روانہ ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments