سرکاری دکانوں کے کرایوں کے تنازع پر تاجر اور انتظامیہ پھر آمنے سامنے
محکمہ ریونیو نے نئے معاہدے نہ کرنے پر 67 دکانیں سیل کر دیں، جس کے بعد معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ،نوٹس بھیجا گیا جس میں 14 روز کی مہلت دی گئی تھی، تاجر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) فاطمہ جناح روڈ پر سرکاری دکانوں کے کرایوں اور نئے معاہدوں کے تنازع پر تاجر اور انتظامیہ ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگئے ، محکمہ ریونیو سرگودھا نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے نئے معاہدے نہ کرنے پر 67 دکانیں سیل کر دیں، جس کے بعد معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے ۔ دوسری جانب تاجروں نے اس کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہیں رات گئے ایک ایسا نوٹس بھیجا گیا جو مبینہ طور پر 9 ستمبر کو جاری ہوا تھا اور جس میں 14 روز کی مہلت دی گئی تھی، اگر نوٹس ستمبر میں جاری کیا گیا تو اسے اکتوبر میں موصول کروا کر اس کی بنیاد پر کارروائی کرنا کس حد تک درست ہے ؟ نوٹس کے اجرا، ترسیل اور اس پر عملدرآمد کی تاریخوں میں مبینہ فرق نے معاملے کی شفافیت داؤ پر لگا دی ہے ، جن کی وضاحت متعلقہ حکام کے لیے ضروری ہے ۔ تاجروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ 67 دکانیں سیل کرنے کی کارروائی، مبینہ طور پر 300 فیصد کرایہ اضافے اور نوٹسز کی ترسیل کے معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، تاکہ حقائق سامنے آسکیں اور قانون و معاہدوں کے مطابق تنازع کا منصفانہ حل نکالا جا سکے ۔کسی کو بھی پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے اور شفاف صاف تحقیق کرائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments