گیارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں سرگودھا بورڈ سرفہرست

گیارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں سرگودھا بورڈ سرفہرست

گیارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں سرگودھا بورڈ سرفہرست 49 ہزار 964 امیدواروں نے شرکت کی، 33 ہزار 371 کامیاب قرار پائے

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج میں پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ چیئرمین بورڈ عباس حیدر گوندل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال امتحانی نتائج میں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال امتحانات میں مجموعی طور پر 49 ہزار 964 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 33 ہزار 371 کامیاب قرار پائے ۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 66.79 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 10 ہزار 810 طلبہ اور 22 ہزار 561 طالبات شامل ہیں۔چیئرمین بورڈ کے مطابق ریگولر امیدواروں میں سے 46 ہزار 833 نے امتحان دیا، جن میں 31 ہزار 749 کامیاب ہوئے ، جبکہ 3 ہزار 132 پرائیویٹ امیدواروں میں سے 1 ہزار 622 نے کامیابی حاصل کی۔عباس حیدر گوندل نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ و طالبات کی محنت، اساتذہ کرام کی مخلصانہ رہنمائی، والدین کی حوصلہ افزائی اور امتحانی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے ۔

 انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے حاصل ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے وژن کے مطابق امتحانات کے انعقاد میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانب داری کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ امتحانی عمل کے دوران کسی بھی قسم کے دباؤ یا بے ضابطگی کو برداشت کیے بغیر شفافیت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ۔چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ کمشنر سرگودھا ڈویژن کی قیادت اور متعلقہ انتظامی اداروں کے تعاون سے امتحانی عمل کو منظم، شفاف اور مؤثر انداز میں پایئہ تکمیل تک پہنچایا گیا، جبکہ تمام متعلقہ افسران اور عملے نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...