چیمہ کالونی واٹر سپلائی اسکیم سرخ فیتے کی نذر
پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بورڈ کو مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کر سکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیمہ کالونی واٹر سپلائی اسکیم سرخ فیتے کی نذر، 27 روز گزرنے کے باوجود پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کینٹ بورڈ کو مطلوبہ دستاویزات اور سائٹ پلان فراہم نہ کر سکا، تفصیل کے مطابق چیمہ کالونی میں واٹر سپلائی اسکیم کے معاملے پر متعلقہ محکموں کے درمیان مناسب کوارڈی نیشن کے فقدان اور تاخیر کا انکشاف ہوا ہے ،2 اکتوبر 2026 کو ہونے والے ضلعی انتظامیہ کے اہم اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے باوجود پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ 27 روز گزرنے پر بھی کنٹونمنٹ بورڈ سرگودھا کو مطلوبہ دستاویزات اور سائٹ پلان فراہم نہیں کر سکا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بھی سپرنٹنڈنگ انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سرکل سرگودھا کواس دوران مذکورہ مسئلے کی نشاندہی کی تاہم متعدد روز گزرنے کے باوجود متعلقہ ریکارڈ تاحال موصول نہیں ہوا، اور دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق مزید کارروائی آگے بڑھانے میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے ۔کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حکام کو تمام متعلقہ دستاویزات فوری فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کو مزید تاخیر کے بغیر آگے بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments