ای اسٹام پییپرز کے اجرا اور فروخت میں مبینہ بے ضابطگیاں
ای اسٹام پیپرز کے اجرا کا نظام متعارف کرواتے وقت مؤثر نگرانی اور جواب دہی کا انتظام نہ ہونے کے باعث اب سائلین کو شدید مشکلات
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع میں ای اسٹام پیپرز کے اجرا اور فروخت کا نظام مبینہ بے ضابطگیوں، ناقص نگرانی اور چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث بے قابو ہونے لگا، جعلی ای اسٹام پیپرز کی روک تھام کے حکومتی دعوے اور بار بار جاری ہونے والی ہدایات بھی بے اثر دکھائی دینے لگیں، جبکہ سرکاری مالیت کے 50، 100 اور 500 روپے کے اسٹام پیپرز بھی مبینہ طور پر مقررہ قیمت سے زائد وصول کرکے فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ای اسٹام پیپرز کے اجرا کا نظام متعارف کرواتے وقت مؤثر نگرانی اور جواب دہی کا انتظام نہ ہونے کے باعث اب سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور مبینہ غیر قانونی فروخت سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ چیف انسپکٹر آف اسٹیمپس پنجاب کی جانب سے متعدد مرتبہ انتظامیہ کو کارروائی اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کیے جانے کے باوجود شکایات کا سلسلہ برقرار ہے ۔ صورتحال یہ ہے کہ اسٹام پیپرز کی خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو مقررہ مالیت سے زائد رقم ادا کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے ۔جبکہ ضروری اور فوری قانونی و سرکاری امور کے لیے اسٹام درکار ہونے پر ان کے پاس متبادل راستہ بھی محدود رہ جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments