غزہ کے بے گھر خاندانوں کو الخدمت ونٹرپیکیج کی تقسیم شروع
بارشوں،سردی سے خیموں میں مشکلات کاشکار خاندانوں کو سامان تقسیم کیاجارہا
لاہور (سٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ میں جنگ سے متاثرہ بے گھر فلسطینی خاندانوں کو موسم سرما کی سختیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی ونٹر ریلیف پیکیج کی تقسیم شروع کر دی ۔ غزہ میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 96ہزار خاندان متاثر ہوئے ،متاثرہ خاندانوں کو خیمے ، ترپالیں، میٹرس، لحاف، گرم کپڑے اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے ، بچوں کو دستانے ، جوتے ، جرابیں، گرم ٹوپیاں اور مفلر بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ غزہ میں شدید سردی، مسلسل بارشوں سے مشکلات کاشکار خیموں اور عارضی رہائشگاہوں میں مقیم خاندانوں کیلئے الخدمت نے خصوصی ونٹر ریلیف مہم شروع کی ہے ،غزہ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں جن پر ابتک 10 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، 7580ٹن امدادی سامان متاثرین کوبھجوایا جا چکا ہے ۔ الخدمت ہنگامی امداد کیساتھ ساتھ متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی تعلیم، صحت اور کفالت کے شعبوں میں بھی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ انکے اعتماد، تعاون اور فراخ دلانہ عطیات کی بدولت الخدمت غزہ کے مظلوم اور متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچانے اور انکی مشکلات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments