ہنڈا اٹلس کارز پاکستان:6لاکھ گاڑیوں کی تیاری کا سنگِ میل عبور
وائس پریذیڈنٹ اکیرا کویمائی نے کامیابی میں ملازمین، ڈیلرز، سپلائرز کے کردار کو سراہا
لاہور (سٹاف رپورٹر)ہنڈااٹلس کارز (پاکستان)لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی 6لاکھ گاڑیاں تیار کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ سنگِ میل کمپنی کے صنعتی سفر، معیاری پیداواراور ملک بھر میں صارفین کے مسلسل اعتماد کا مظہر ہے ۔اس موقع پر تقریب میں ہنڈاموٹر کمپنی کے وائس پریذیڈنٹ اورایشین ہنڈاموٹر کمپنی لمیٹڈ کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اکیرا کویمائی،ہنڈا اٹلس کارز کے چیئر مین عامر ایچ شیرازی، ہنڈاآر اینڈ ڈی ایشیا پیسیفک لمیٹڈ کے صدر یوشی ہیکو ایگوچی، ڈائریکٹر و سینئر ایڈوائزر ثاقب ایچ شیرازی، ہونڈا موٹر کمپنی کی مس ری میاکی، ہنڈااٹلس کارز کے صدر و سی ای او مسایا واکودا، وائس پریذیڈنٹ پروڈکشن ناؤکی نیگی ، وائس پریذیڈنٹ و کمپنی سیکرٹری مجاہد الملک اورمہمانوں نے شرکت کی۔تقریب میں وقت کے سفر کی ایک جھلک کے عنوان سے 6 لاکھ گاڑیوں کی تیاری کے سفر پر مبنی ویڈیو دکھائی گئی جس میں پاکستان میں ہنڈا گاڑیوں کے ارتقااور ملازمین کی نسل در نسل محنت، مہارت اور لگن کو اجاگر کیا گیا۔ مہمانوں اور ہنڈا اٹلس کارز کی قیادت نے ربن کٹنگ کر کے تقریب کا افتتاح کیا، جسکے بعد کمپنی کی 6 لاکھویں گاڑی اگنائٹ ریڈ کلر کی ہنڈا سِوک آرایس نے پروڈکشن لائن سے باہر آ کر کمپنی کی مینوفیکچرنگ کی شاندار روایت میں نئے باب کا اضافہ کیا۔ اکیرا کویمائی نے خطاب میں ہنڈااٹلس کارز کی ٹیم کو مبارکباد دی اور اس کامیابی میں ملازمین، ڈیلرز، سپلائرز اور صارفین کے اہم کردار کو سراہا۔ عامر ایچ شیرازی نے کہا ایک گاڑی سے شروع ہونیوالا خواب آج اعتماد، ترقی اور کامیابی کی مضبوط روایت بن چکا ہے ۔ 6لاکھ گاڑیوں کی تیاری منزل نہیں بلکہ نئی کامیابی کی جانب قدم ہے ، کمپنی کا اگلا ہدف 8لاکھ اور اس سے آگے کے سنگِ میل عبور کرنا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments