سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں سستی پر کمشنر سخت برہم
سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں سستی پر کمشنر سخت برہم ناقص حکمت عملی کے باعث آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر عملدرآمد کے دوران ناقص حکمت عملی، غیر مربوط منصوبہ بندی اور کام کی سست رفتار سامنے آنے پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کرنے کا ٹاسک دیدیا، کمشنر نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ او ایس آر (اپنے ذرائع آمدن) فنڈز کے تحت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واٹر سپلائی روڈ، اسلام پورہ روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کا موقع پر معائنہ کرتے ہوئے کام کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران بعض مقامات پر سڑک کی کھدائی کے بعد تعمیراتی کام مکمل کیے بغیر مزید آگے سڑک اکھاڑنے کا معاملہ سامنے آنے پر کمشنر نے سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس غیر مربوط طریقہ کار اور ناقص حکمت عملی کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ تعمیراتی منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہوتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments