لاہور اور جڑانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے، 2 ڈاکو ہلاک
ملزم امجد بی آر بی نہر کے قریب فائرنگ کے تبادلہ میں مارا گیا، ساتھی فرار تھانہ بلوچنی کی حدود میں سی سی ڈی کی کارروائی کے دوران قاسم نے دم توڑا
لاہور،جڑانوالہ (کرائم رپورٹر،نمائندہ دنیا ) پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ )سی سی ڈی کے لاہور ، جڑانوالہ میں مبینہ مقابلے ، 2ڈاکو ہلاک ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں سی سی ڈی اہلکاروں نے بی آر بی نہر کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سوار 2ملزموں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی، اس دوران کراس فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت امجد کے نام سے ہوئی جو سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا ،لاش پورسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے فرار ملزم کی تلاش کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ ادھر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے تھانہ بلوچنی کے علاقہ 99 ر۔ب میں انچارج سی سی ڈی مکوآنہ فاروق ناظر نے ٹیم کے ہمراہ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا تو اشتہاری ملزموں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی ، جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی ہو گیا اور بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا، ہلاک ملزم ننکانہ کا رہائشی قاسم نکلا جو تھانہ صدر اور تھانہ مدینہ ٹاؤن کو ہاؤس رابری سمیت 2 درجن کے قریب سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا، اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ۔