مقابلے :باپ،2بیٹوں سمیت 9منشیات فروش،1اشتہاری ہلاک

 مقابلے :باپ،2بیٹوں سمیت 9منشیات فروش،1اشتہاری ہلاک

ڈیفنس اور کوتوالی میں 3 ملزم لازار مسیح، نصیر احمد اور علی با ئو مارے گئے شیخوپورہ میں 4 ملزم ،ابیانوالہ اورحافظ آبادمیں ایک ایک ملزم ہلاک

لاہور(کرائم رپورٹر،نمائندگان دنیا، نیوز ایجنسیاں )سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلوں میں باپ اور2بیٹوں سمیت 9منشیات فروش اورایک اشتہاری مجرم مارا گیاجبکہ6ملزم فرارہوگئے ۔بتایاگیا ہے کہ لاہور میں سی سی ڈی ڈیفنس اور سی سی ڈی کوتوالی نے 3 منشیات فروشوں لازار مسیح، نصیر احمد اور علی با ئو کومبینہ مقابلے میں مارڈالا،ذرائع کے مطابق ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب تھے اوراپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوئے ۔دوسری طرف صدر سرکل شیخوپورہ میں سی سی ڈی اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں 4 منشیات فروش ہلاک ہو گئے ۔چاروں ہلاک ملزموں کا تعلق ضلع فیصل آباد سے اور باپ سمیت دو بھائی اور ایک قریبی رشتہ دار شامل ہے ،جن کی شناخت بشیر نونا ،ناصر عرف ناصری،فیصل عرف فیصلی اور فیصل عباس کے نام سے ہوئی ۔ادھر تھانہ صدر ننکانہ صاحب کے علاقے ابیانوالہ کے قریب سی سی ڈی پولیس نے دوران گشت کار سوار مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی ، جوابی فائرنگ کے دوران ملزم پرویز عرف "نکا" اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا، جبکہ اس کے چار ساتھی فرار ہو گئے ۔

ذرائع کے مطابق پرویز لاہور کے علاقہ مناواں کا رہائشی تھا جومنشیات فروشی، چوری اور دیگر جرائم کے 71 مقدمات میں ملوث تھا ۔دریں اثناگوجرہ میں چک نمبر 422 ج ب کے قریب پولیس ٹیم معمول کی پٹرولنگ کررہی تھی کہ اسی دوران تین ملزموں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش اور سابقہ ریکارڈ یافتہ حسنین رفیق سکنہ چک نمبر 719 گ ب پیر محل اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ دو ملزم فرار ہو گئے ۔علاوہ ازیں حافظ آباد میں خوف ودہشت کی علامت سمجھا جانے والا بدنام زمانہ اشتہاری مجرم عدنان عرف دانی سکنہ ونگے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔عدنان دانی عرصہ دراز سے قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضہ کے درجنوں مقدمات میں ملوث چلا آرہا تھا ۔ پولیس کے مطابق عدنان عرف دانی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں