امریکی تاریخ کا سب سے بڑا901ارب ڈالر کا دفاعی بل منظور
امریکی گولڈ کارڈ پروگرام کا آغاز ،اربوں ڈالر قومی خزانے میں آئیں گے :ٹرمپ
واشنگٹن(اے ایف پی،اے پی پی)امریکی ایوان نمائندگان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 901 ارب ڈالر کا دفاعی بل منظور کر لیا۔ بل کے حق میں 312 اور مخالفت میں112 ووٹ ڈالے گئے ، یہ بل اب سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔نئے دفاعی بجٹ میں فوجیوں کی تنخواہوں میں اضافہ، رہائش میں بہتری اور یوکرین کے لیے آئندہ دو سال میں 80کروڑ ڈالر کی فوجی امداد شامل ہے ۔امریکی حکومت کے مطابق ستمبر میں تجارتی خسارہ کم ہو کر 52اعشاریہ8 ارب ڈالر ہو گیا، جو 2020 کے بعد سب سے کم سطح ہے ۔ ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ کے نئے محصولات نے درآمدات پر اثر ڈالا اور تجارتی توازن بہتر کرنے میں مدد کی۔ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ گولڈ کارڈ باضابطہ طور پر فروخت کیلئے پیش کر دیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت اربوں ڈالر قومی خزانے میں آئیں گے جس سے ہم ملک کے لئے مثبت کام کر سکیں گے ۔ٹرمپ نے اپنی پالیسیوں پر تنقید کرنیوالے میڈیا ادارے سی این این سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے فروخت کردینا چاہیے ۔